پاکستان کے میٹرک ٹاپرز کیلئے ترکی کا خصوصی دورہ شروع

پاکستان کے میٹرک ٹاپرز کے لیے ترکی کا خصوصی دورہ شروع

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے تمام تعلیمی بورڈز کے میٹرک پوزیشن ہولڈرز کے لیے ترکی کا خصوصی دورہ پروگرام شروع کر دیا ہے۔

یہ پروگرام وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس کے تحت منتخب طلباء سرکاری پاسپورٹس پر ترکی کا سفر کریں گے۔

آئی بی سی سی کے نوٹیفکیشن کے مطابق، پروگرام میں شامل طلباء کے لیے چند شرائط مقرر کی گئی ہیں، جن میں سرکاری اسپتال سے میڈیکل فٹنس سرٹیفیکیٹ، والدین یا سرپرست کا تحریری اجازت نامہ، دو سفید شلوار قمیض کے جوڑے اور جوتے ساتھ رکھنا شامل ہیں۔

وزارت کی جانب سے طلباء کو سبز بلیزر فراہم کیا جائے گا اور ہر طالب علم کو صرف ایک شولڈر بیگ لے جانے کی اجازت ہوگی۔ لیپ ٹاپ، کیمرہ اور دیگر الیکٹرانک آلات لے جانا سختی سے ممنوع ہے۔ والدین یا سرپرست کا ہنگامی رابطہ نمبر بھی لازمی فراہم کرنا ہوگا۔

طلباء کی سہولت کے لیے متعلقہ بورڈز پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی فراہم کریں گے۔ تمام تعلیمی بورڈز کو ہدایت دی گئی ہے کہ منتخب طلباء کے پاسپورٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات 19 ستمبر 2025 تک آئی بی سی سی سیکریٹریٹ اسلام آباد بھیج دی جائیں تاکہ ترکی حکام کے ساتھ بروقت کارروائی اور ہم آہنگی ممکن ہو سکے۔

تمام بورڈز کے چیئرمین پروگرام کی نگرانی کریں گے اور طلباء کو رسمی کارروائی مکمل کرنے میں مدد فراہم کریں گے، تاکہ یہ دورہ خوش اسلوبی اور نظم و ضبط کے ساتھ مکمل ہو۔ اس پروگرام کے ذریعے ترکی کا یہ دورہ پاکستان کے میٹرک پوزیشن ہولڈرز کے لیے یادگار اور مفید تجربہ ثابت ہوگا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.