معروف چائلڈ اسٹار اور انفلوئنسر عمر شاہ انتقال کر گئے
’پیچے دیکھو پیچے‘ سے شہرت حاصل کرنے والے معروف انفلوئنسر احمد شاہ کے بھائی، عمر شاہ، وفات پا گئے۔
احمد شاہ نے فیس بک پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ان کے خاندان کا روشن ستارہ عمر شاہ اب اللہ کے حضور واپس چلے گئے ہیں۔ انہوں نے لکھا: اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیہِ رَاجِعُون اور عوام سے درخواست کی کہ وہ عمر شاہ اور ان کے خاندان کے لیے دعائیں کریں۔
عمر شاہ بھی ایک معروف انفلوئنسر تھے اور گزشتہ سال جولائی میں طویل سرجری کرائی تھی۔ ابتدائی طور پر ان کی صحت میں بہتری کی خبریں آئیں، مگر وقت کے ساتھ ان کی حالت دوبارہ خراب ہو گئی۔
عمر شاہ اور احمد شاہ اپنے معصوم اور شگفتہ انداز کی وجہ سے عوام میں بہت مقبول تھے۔ بعد ازاں تیسرے بھائی ابوبکر نے بھی اپنی منفرد انداز میں لوگوں کا دل جیتا۔ رمضان نشریات کے دوران ان کی شرارتیں اور دلچسپ گفتگو ناظرین کو بے حد پسند آتی تھی۔ دونوں بھائی اے آر وائی نیوز کے شو ’شانِ رمضان‘ کے اہم حصہ سمجھے جاتے تھے۔
یاد رہے کہ نومبر 2023 میں احمد شاہ کی بہن عائشہ بھی شیرخوارگی میں انتقال کر گئی تھیں۔