آئی ایم ایف نے پاکستان کی سیلابی صورتحال کو تسلیم کرلیا، وزیر خزانہ
ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ کے دورے کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی آئی ایم ایف کے پروگرام میں شامل ہے اور فنڈ نے حالیہ سیلاب سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کو بخوبی سمجھ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے سڑکیں، پل، مکانات اور دیگر املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے، اس لیے آفت زدہ عوام کو بجلی کے بل بھیجنا اس وقت مناسب نہیں۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام سخت مشکلات میں ہیں اور حکومت پہلے اپنے وسائل استعمال کر رہی ہے، بعد ازاں عالمی فنڈز سے بھی مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جانی نقصان کم ہوا ہے اور دعا ہے کہ پانی جلد اترے تاکہ کسان نئی فصلوں کی کاشت کرسکیں۔ محمد اورنگزیب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تباہ شدہ انفراسٹرکچر کو دوبارہ پہلے جیسا بنایا جائے گا۔
وزیر خزانہ نے ریلیف آپریشن میں پاک فوج کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ اس طرح کی مثال تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔