ایشیا کپ: دبئی میں پاک بھارت بڑا ٹاکرا آج ہوگا
ایشیا کپ 2025 کا سب سے بڑا معرکہ آج دبئی میں ہوگا جہاں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔ میچ سے قبل دونوں ٹیموں کی کارکردگی اور امکانات پر تجزیے جاری ہیں۔ ماہرین کے مطابق بھارت کو ایونٹ کا فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پاکستان اپنی حالیہ فتوحات اور شاندار فارم کے باعث اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گا۔
پاکستان نے سہ فریقی سیریز کا فائنل اور ایشیا کپ کا پہلا میچ بڑے مارجن سے جیتا ہے۔ سابق بھارتی کرکٹر سنجے منجریکر نے بھی اعتراف کیا ہے کہ پاکستانی اسپن اٹیک بھارت کے لیے بڑا خطرہ ثابت ہوسکتا ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ 2014 سے اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے آٹھ میں سے سات میچز میں پہلے بولنگ کرنے والی ٹیم فاتح رہی۔ دبئی میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں ٹاس جیتنے والی اور پہلے بولنگ کرنے والی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کو 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 10 وکٹ اور ایشیا کپ 2022 میں پانچ وکٹ سے کامیابی ملی تھی۔ امکان ہے کہ آج کے میچ میں بھی ٹاس فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔