اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس 583 پوائنٹس بڑھ گیا
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو بھی مثبت رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس کاروبار کے آغاز پر 583 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 157,603 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی آٹو موبائل، سیمنٹ، بینکنگ، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس، پاور اور ریفائنری سیکٹرز میں دیکھی گئی۔ بڑے شیئرز جیسے او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی ایس او، حبکو اور یو بی ایل مثبت زون میں ٹریڈ ہوئے۔
گزشتہ روز بھی مارکیٹ سبز نشان پر بند ہوئی تھی اور 100 انڈیکس 457 پوائنٹس بڑھا تھا، جس نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کیا۔
عالمی مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان دیکھنے کو ملا۔ ’اوریکل‘ کے شیئرز میں 36 فیصد تاریخی اضافہ ہوا، جس نے ایشیائی ٹیک اسٹاکس کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ جاپان، تائیوان اور چین کے انڈیکس نمایاں بڑھے، تاہم یورپی مارکیٹیں شرح سود کے فیصلے سے قبل محتاط رویہ اختیار کیے ہوئیں ہیں۔