یاماہا کا پاکستان میں موٹرسائیکل پروڈکشن بند کرنیکا اعلان
یاماہا کا پاکستان میں موٹرسائیکل پروڈکشن بند کرنے کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) یاماہا موٹر پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے پاکستان میں موٹرسائیکلوں کی مینوفیکچرنگ بند کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ کمپنی نے اپنے صارفین کے نام جاری بیان میں کہا ہے کہ بزنس پالیسی میں تبدیلی کے باعث موٹرسائیکل تیار کرنے کا عمل معطل کیا جارہا ہے تاہم اسپیئر پارٹس کی فراہمی جاری رہے گی۔
یاماہا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صارفین کی سہولت کے لیے ملک بھر میں کمپنی کے منظور شدہ ڈیلرز کے پاس اسپیئر پارٹس کا مناسب ذخیرہ موجود ہوگا۔ اسی طرح وارنٹی اور کسٹمر سپورٹ بھی پہلے کی طرح جاری رہے گی۔
یاماہا موٹر پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر شنسوکے یاماؤرا نے کہا کہ صارفین کی طویل عرصے سے حاصل حمایت اور اعتماد پر کمپنی ان کی شکر گزار ہے اور آئندہ بھی انہیں سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش جاری رکھے گی۔
کمپنی کے مطابق پروڈکشن بند کرنے کا فیصلہ مارکیٹ کی صورتحال اور بزنس پالیسی کی تبدیلی کے تحت کیا گیا ہے، تاہم صارفین کو بعد از فروخت خدمات میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔