کوہلو: فائرنگ سے باپ اور دو کمسن بیٹے جاں بحق

0 4

کوہلو: فائرنگ سے باپ اور دو کمسن بیٹے جاں بحق

کوہلو ،بلوچستان کے ضلع کوہلو کے نواحی علاقے لاسے زئی میں گزشتہ شب ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ واقعے میں باپ اور اس کے دو کمسن بیٹے جاں بحق ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت بھاگیا عثمان مری، خان محمد اور محمد ولی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ فائرنگ اس وقت کی گئی جب مقتولین اپنے گھر میں سو رہے تھے۔ اچانک گولیوں کی بوچھاڑ نے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔

اطلاع ملتے ہی لیویز فورس موقع پر پہنچ گئی، لاشوں کو ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کوہلو کے حکم پر داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی بھی کر دی گئی تاکہ ملزمان کے فرار کو روکا جا سکے۔

اس افسوسناک واقعے کی مقامی قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں نے شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک ہی خاندان کے تین افراد کو بے دردی سے نشانہ بنانا امن دشمنی ہے، حکومت فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرکے کڑی سزا دے تاکہ ایسے المناک واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق کوہلو اور گرد و نواح میں اس نوعیت کے واقعات پہلے بھی ہو چکے ہیں جس سے عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔

Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.