قرۃ العین بلوچ دیوسائی میں ریچھ کے حملے سے زخمی

قرۃ العین بلوچ دیوسائی میں ریچھ کے حملے سے زخمی

اسکردو: مشہور ڈراما سیریل ہمسفر کے ٹائٹل گانے ’وہ ہمسفر تھا‘ سے شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ قرۃ العین بلوچ دیوسائی نیشنل پارک میں نایاب بھورے ریچھ کے حملے میں زخمی ہوگئیں۔

گلگت بلتستان پولیس کے مطابق، گلوکارہ اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ کیمپنگ ایریا میں موجود تھیں کہ اچانک بھورا ریچھ حملہ آور ہوا اور ان کے دونوں بازو زخمی ہوگئے۔ قریبی افراد کی بروقت مداخلت سے ریچھ کو بھگا دیا گیا اور ان کی جان بچ گئی۔

انہیں فوری طور پر آر ایچ کیو ہسپتال اسکردو منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس ترجمان غلام محمد نے بتایا کہ بھورے ریچھ اکثر بڑا پانی کے علاقے کی طرف آتے ہیں اور اس سے قبل بھی کئی افراد ان کے حملوں کا شکار ہو چکے ہیں۔ دیوسائی نیشنل پارک کو بھورے ریچھوں کا مسکن سمجھا جاتا ہے جہاں ان کی تعداد تقریباً 77 بتائی جاتی ہے۔

دیوسائی کا وسیع و بلند میدان اپنی قدرتی خوبصورتی، ندی نالوں، ہموار پہاڑیوں اور نایاب جنگلی حیات جیسے ہمالیائی مارموٹ اور بھورے ریچھ کے لیے مشہور ہے۔ موسم گرما میں بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، قرۃ العین بلوچ اپنی ٹیم کے ساتھ علاقے کی قدرتی خوبصورتی کی شوٹنگ کے لیے دیوسائی آئی تھیں۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ صوبائی حکومت نے فوری طور پر دیوسائی میں کیمپنگ پر پابندی لگا دی ہے۔ اب سیاح صرف ہوٹلوں یا محفوظ مقامات پر ہی قیام کرسکیں گے تاکہ خطرات سے بچا جا سکے۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.