کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے سریاب روڈ پر گزشتہ دن کو ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی، جس میں 15 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ گورنر نے کہا کہ دھماکا کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور حکومت قاتلوں کو سخت سزا دے گی۔
انہوں نے بتایا کہ امن و امان بنیادی طور پر صوبائی معاملہ ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر وفاق بھی مدد فراہم کرے گا۔ گورنر بلوچستان نے سول ہسپتال کوئٹہ میں زخمیوں کے علاج میں مصروف ڈاکٹروں اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ شدید زخمیوں کو ضرورت پڑنے پر کراچی منتقل کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے بتایا کہ دھماکے میں 15 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہوئے، جن میں سے 8 افراد سول ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت طبی امداد کی وجہ سے کئی جانیں بچ گئی ہیں۔
بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے خودکش حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سیکورٹی سخت ہونے کی وجہ سے بڑے نقصان سے بچا گیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیکورٹی اداروں کے تعاون میں اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ پورے صوبے میں دھمکیوں کی اطلاعات موجود تھیں۔