افغانستان زلزلہ، ہلاکتیں گیارہ سو سے بھی زائد

افغانستان زلزلہ، ہلاکتیں گیارہ سو سے بھی زائد

افغان ریڈ کریسنٹ کے مطابق اتوار کی رات افغانستان میں آنے والے چھ شدت کے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 1,124 ہو گئی ہے جبکہ 3,251 افراد زخمی اور 8,000 سے زائد مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔

زلزلے نے کئی صوبوں کو متاثر کیا، جہاں کچی اینٹوں اور لکڑی کے مکانات زمین بوس ہو گئے اور سینکڑوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ سب سے زیادہ تباہی صوبہ کنڑ میں ہوئی ہے، جہاں پہاڑی دروں اور دریائی وادیوں میں رہنے والے لوگ شدید متاثر ہوئے ہیں۔

افغان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان یوسف حماد کے مطابق زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے اور خدشہ ہے کہ یہ اعداد و شمار مزید بڑھ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہو گئی تھیں، تاہم بیشتر راستے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق ہیلی کاپٹروں کے ذریعے زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ امدادی ٹیمیں پیدل سفر کرکے دور دراز علاقوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

افغان حکومت نے بین الاقوامی برادری سے ہنگامی امداد کی اپیل کی ہے۔ یہ طالبان کے 2021 میں دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد تیسرا طاقتور زلزلہ ہے، جس نے پہلے سے ہی امداد کی کمی، کمزور معیشت اور ہمسایہ ممالک سے جبری واپسیوں کے دباؤ میں گھِرے افغانستان کو ایک نئے انسانی بحران سے دوچار کر دیا ہے۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.