صدر مملکت آصف علی زرداری نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی ہے۔ ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ قانون سیکیورٹی اداروں کی صلاحیت کو مزید مؤثر بنائے گا تاکہ دہشت گردی کے خطرات پر قابو پایا جا سکے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نئے قانون میں شفافیت اور احتساب کے اصولوں کو مدنظر رکھا گیا ہے، ساتھ ہی تین سال کے لیے “سن سیٹ کلاز” بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ اس کی مدت محدود ہو۔
مزید برآں، بل میں عدالتی نگرانی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ایوان صدر کے مطابق یہ قانون پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔