کوئٹہ: کیچی بیگ سے سر کٹی لاش برآمد
صوبائی دارالحکومت کے علاقے کیچی بیگ سے ایک کم عمر لڑکے کی سربریدہ لاش برآمد ہوئی ہے، جس نے پورے علاقے کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔
پولیس کے مطابق لاش سے کچھ فاصلے پر لڑکے کا سر بھی ملا ہے، تاہم جانوروں کے کاٹنے کے باعث چہرہ بری طرح مسخ ہو گیا ہے جس سے شناخت میں دشواری کا سامنا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق نامعلوم افراد نے لڑکے کا سر اور ایک ہاتھ جسم سے الگ کر دیا تھا، جبکہ دوسرا ہاتھ تاحال لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
لاش کو ضروری کارروائی کے بعد سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں مزید قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔