بلوچستان: غیرت کے نام پر حاملہ خاتون اور اس کے بچے کا قتل

کوہلو(رپورٹ احمد مری)بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے دلوائی سادھر میں غیرت کے نام پر ایک اندوہناک واقعہ رونما ہوا ہے سرکاری سطح پر اس قتل کی تصدیق ہو چکی ہے مقتولہ کی شناخت زربانک دختر بہار خان کے نام سے ہوئی ہے مبینہ طور پر جبار مری نامی شخص نے اپنی سات ماہ کی حاملہ بیوی پر فائرنگ کرکے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا اس ظلم کا نشانہ صرف خاتون ہی نہیں بنی بلکہ اس کے بطن میں موجود سات ماہ کا معصوم بچہ بھی زندگی سے محروم کر دیا گیا یہ واقعہ بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کی طویل اور خوفناک روایت کا ایک اور باب ہے مقامی صحافی احمد مری کے مطابق نہ تو مقتولہ کا پوسٹ مارٹم کیا گیا اور نہ ہی لاش کو کسی ہسپتال منتقل کیا گیا

 

چونکہ یہ علاقہ نہایت دور دراز ہے اس لیے خبر مقامی یا سوشل میڈیا تک بروقت نہیں پہنچ سکی عموماً ایسے واقعات قبائلی رسومات اور بدنامی کے خوف سے منظر عام پر نہیں لائے جاتے یہی وجہ ہے کہ ان سنگین جرائم پر وہ ردعمل اور شور نہیں سننے کو ملتا جو کسی وائرل ویڈیو یا بڑے شہر کے واقعے کے بعد سامنے آتا ہے اعداد و شمار بھی اس المیے کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں

 

عورت فاؤنڈیشن کے مطابق گزشتہ سال 2024 کے دوران صوبے بھر میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے 11 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ دیگر نوعیت کے 73 کیسز درج کیے گئے ان میں 43 خواتین قتل ہوئیں، 7 خواتین زیادتی کا شکار بنیں، 4 خواتین نے خودکشی کی اور 2 خواتین اغوا ہوئیں یہ اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ بلوچستان میں خواتین کی زندگی اور عزت دونوں شدید خطرات سے دوچار ہیں ماہرین کے مطابق غیرت کے نام پر قتل دراصل انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے یہ نہ قبیلے کا مسئلہ ہے اور نہ ہی کسی رسم و رواج کا بلکہ یہ سراسر انسانیت کا قتل ہے

 

بانو بی بی اور احسان اللہ جیسے واقعات میں بھی یہی رویہ اختیار کیا گیا کہ اسے قبائلی مسئلہ کہہ کر دبایا جائے اور اب بارکھان کا یہ واقعہ بھی اسی طرز پر گمنامی کا شکار ہوتا دکھائی دیتا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے ادارے اور باشعور طبقہ ایسے واقعات پر آواز بلند کریں یہ محض ایک خاتون کا قتل نہیں بلکہ ایک ماں اور اس کے بے گناہ سات ماہ کے بچے کا قتل ہے۔ اگر معاشرہ خاموش رہا تو ایسے واقعات معمول بن جائیں گے اور انصاف کی امید مزید مدھم ہوتی چلی جائے گی۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.