این ڈی ایم اے نے دریائے چناب میں سیلابی صورتحال کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلابی ریلوں کے باعث دریا کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق 31 اگست کو دوپہر 4 بجے کے قریب تریمو بیراج پر پانی کا بہاؤ 7 لاکھ سے 8 لاکھ کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے، جس سے شدید سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ممکنہ شدید سیلاب جھنگ اور اس کے ملحقہ علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق یہ ریلے 3 ستمبر کی دوپہر تک پنجند تک پہنچیں گے، جہاں پانی کا بہاؤ 6 لاکھ 50 ہزار سے 7 لاکھ کیوسک تک متوقع ہے۔
ممکنہ متاثرہ اضلاع میں حافظ آباد، چنیوٹ، ملتان، پنجند اور بہاولپور کے علاقے شامل ہیں۔ دریائے چناب کے بائیں کنارے پر واقع 18 ہزاری کے علاقے کو ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے بریچنگ سائٹ کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔