ایران دہشت گردی کے خاتمے اور پاک ایران سرحد کے تحفظ کیلئے تیارہے، میجر جنرل موسوی

ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی کے خاتمے اور پاکستان کے ساتھ سرحدوں کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

منگل کے روز اپنے پاکستانی ہم منصب فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں جنرل موسوی نے سرحد پار دہشت گرد گروہوں کی بڑھتی ہوئی نقل و حرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ایران اپنے پاکستانی بھائیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔”

مزید برآں، انہوں نے پاک ایران تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مختلف سطحوں پر تعاون اور روابط میں مصروف ہیں۔ جنرل موسوی نے حالیہ 12 روزہ اسرائیلی مسلط کردہ جنگ میں ایران کے لیے پاکستان کے مؤقف اور حمایت کو بھی سراہا۔

جواب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل موسوی کا پاکستانی عوام کے ساتھ اظہارِ ہمدردی پر شکریہ ادا کیا اور ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملے کے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

عاصم منیر نے مشترکہ سرحدوں کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو پاکستان ایران سرحد کو “دوستی، اخوت اور معاشی ترقی کی سرحد” میں تبدیل کرنا چاہیے۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.