اسلام آباد: نومولود بچی کے اغوا کا ڈراپ سین، والد ہی اغوا کار نکلا

اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کی حدود میں ایک روزہ نومولود بچی کے اغوا کا ڈراپ سین اس وقت ہوا جب انکشاف ہوا کہ بچی کا اغوا کسی اور نے نہیں بلکہ اس کے اپنے والد نے کیا۔ ایس ایچ او تھانہ کھنہ عامر حیات نے اپنی بروقت اور پیشہ ورانہ مہارت سے صرف ایک دن میں یہ معمہ حل کر کے پولیس فورس کے لیے ایک مثال قائم کر دی۔

ریسکیو کے ذریعے پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ بلال ٹاؤن چشتیہ مارکیٹ سے ایک روز کی بچی گھر سے اغوا ہو گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او عامر حیات نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور جدید خطوط پر تفتیش شروع کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج، ہسپتال عملہ، دائیہ، نرس، ڈاکٹروں اور محلہ داروں کو شامل تفتیش کیا گیا، حتیٰ کہ گھر کے سامنے بیٹھی مانگنے والی خاتون کو بھی حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔

تحقیقات کے دوران بچی کے والد ابراہیم پر شک گہرا ہوا۔ پولیس نے تمام موبائل فونز قبضے میں لے کر ڈیٹا ریکور کرایا۔ ابراہیم کے فون سے ڈیلیٹ شدہ پیغامات برآمد ہوئے، جن میں ایک میسج ’’اللہ حافظ، بائے بائے‘‘ بھی شامل تھا۔ بار بار پوچھ گچھ پر بالآخر ابراہیم نے اعتراف کر لیا کہ اس نے اپنی بیٹی اپنی دوست شازیہ کے ذریعے اقرا نامی خاتون کو دی، جو بے اولاد تھی۔ اقرا نے اپنے سسرالیوں کو یہ تاثر دے رکھا تھا کہ وہ حاملہ ہے اور نو ماہ تک جعلی پیٹ باندھ کر سب کو دھوکے میں رکھا۔

ایس ایچ او عامر حیات کی قیادت میں پولیس نے شازیہ کو گرفتار کیا، جس نے سب کچھ تسلیم کر لیا۔ بعد ازاں شیخوپورہ ماناوالا سے نومولود بچی کو بحفاظت بازیاب کرا کے اقرا، اس کے شوہر طیب اور دیگر مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

اہل علاقہ اور اعلیٰ پولیس حکام نے ایس ایچ او عامر حیات کی تیز رفتار اور پیشہ ورانہ کارروائی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے نہ صرف معصوم بچی کو بازیاب کرایا بلکہ ایک پیچیدہ اور ڈرامائی کیس کو بھی کامیابی سے حل کیا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.