ایشیا کپ کیلئے بڑا فیصلہ: کپتانی سلمان علی آغا کے سپرد، بڑے نام باہر

پاکستان کرکٹ بورڈ نے یو اے ای میں ہونے والی سہ ملکی سیریز اور ایشیا کپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، سب سے بڑا سرپرائز یہ ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان ٹیم سے باہر ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ و ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر مائیک ہیسن اور چیف سلیکٹر عاقب جاوید نے اسکواڈ کا اعلان کیا۔ ٹیم کی قیادت ایک بار پھر سلمان علی آغا کے سپرد کی گئی ہے۔

سترہ رکنی اسکواڈ میں فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، صائم ایوب، خوشدل شاہ، حسین طلعت، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور محمد حارث شامل ہیں۔ ان کے علاوہ ابرار احمد، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور سفیان مقیم کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ ٹیم میں شمولیت صرف اور صرف پرفارمنس کی بنیاد پر ہوگی، بابر اور رضوان کی واپسی کے دروازے بند نہیں ہوئے۔ فخر زمان کی شاندار فارم اور صائم ایوب سمیت نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مدنظر رکھ کر انتخاب کیا گیا ہے۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ٹیم کا تسلسل بہتر ہوا ہے، گزشتہ 9 میچز میں 6 کامیابیاں حاصل ہوئیں، ہمارا فوکس صرف جیت پر ہے۔

پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کی سہ ملکی سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں ہوگی، جبکہ ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک دبئی اور ابو ظبی میں کھیلا جائے گا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.