کے پی حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، تین افراد شہید
کے پی حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، تین افراد شہید
خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر پشاور سے باجوڑ جاتے ہوئے ضلع مہمند کے علاقے چینگی بانڈہ میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں تین افراد شہید ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ہیلی کاپٹر باجوڑ کے بارشوں سے متاثرہ تحصیل سالارزئی میں امدادی سامان پہنچانے جا رہا تھا۔ راستے میں خراب موسم کے باعث مہمند کی فضائی حدود میں اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ چیف سیکریٹری کے مطابق حادثے کی وجہ موسم کی خرابی تھی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت دھماکے کی آواز بھی سنی گئی، اور جائے وقوعہ تک پہنچنا دشوار گزار راستوں کی وجہ سے مشکل ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ یہ MI-17 ہیلی کاپٹر امدادی مشن پر تھا اور حادثے کے بعد فوری طور پر ریسکیو ٹیموں کو روانہ کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں، جبکہ دوسرا ہیلی کاپٹر اس وقت بونیر میں ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہے۔