بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ ملک کا دفاع کیا، سرفراز بگٹی

کوئٹہ میں 78ویں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب اسپیکر صوبائی اسمبلی کے ہمراہ پرچم کشائی سے شروع ہوئی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آزادی کا دن ہمارے اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور اس سال کی تقریبات دشمن پر فتح اور قومی اتحاد کی علامت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ وطن کے دفاع میں کردار ادا کیا اور آئندہ بھی پیش پیش رہیں گے۔ گوادر سے ژوب تک جشنِ آزادی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد قبائلی روایات کو پامال کر رہے ہیں، معصوم عورتوں، بچوں اور مسافروں کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پارلیمنٹ کو قیادت کرنی ہوگی اور تمام طبقات کو متحد ہو کر اس عفریت کا خاتمہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ دہشت گردی اور بدامنی کا خاتمہ قریب ہے، فورسز امن کے قیام کے لیے عظیم قربانیاں دے رہی ہیں اور بلوچستان میں امن کا سورج جلد طلوع ہوگا۔

تقریب کے انعقاد پر وزیراعلیٰ نے اسپیکر اسمبلی اور ٹیم کو مبارکباد دی اور شریک اسکول کے بچوں کے لیے پانچ لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.