مسلح افواج کی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) چیف آف آرمی اسٹاف، جنرل ساحر شمشاد مرزا، نشان امتیاز (ملٹری) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، ایڈمرل نوید اشرف، نشان امتیاز (ملٹری) چیف آف نیول اسٹاف، اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشان امتیاز (ملٹری) چیف آف ایئر اسٹاف نے مسلح افواج کی جانب سے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ یہ دن اتحاد، ثابت قدمی اور روشن مستقبل کے مشترکہ وژن کے عزم کی فتح کی علامت ہے۔
مسلح افواج نے بانیانِ پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت میں ہمارے اسلاف کے غیر متزلزل عزم، ولولے اور بے مثال قربانیوں نے آزادی کی راہ ہموار کی۔ ان کی جرات، دور اندیشی اور آزادی کے مقصد پر اٹوٹ یقین آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج ان رہنماؤں، سیاستدانوں اور سپاہیوں کو گہری عقیدت اور شکر گزاری کے ساتھ یاد کرتی ہیں جنہوں نے اس ملک کی بنیاد رکھی۔ بطور محافظِ وطن، ہم پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، آئین کی پاسداری اور ان اقدار کی حفاظت کے عزم کو دہراتے ہیں جو ہماری قومی شناخت کی بنیاد ہیں۔
مسلح افواج اور عوام کے درمیان اٹوٹ رشتہ ہماری اجتماعی طاقت کا ستون ہے۔ یومِ آزادی کے اس موقع پر آئیں ہم امن، ترقی اور اتحاد کے لیے اپنے عزم کو تازہ کریں اور ایمان، اتحاد اور قربانی کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب شرمندۂ تعبیر کریں۔