قائداعظم کا وژن ہر شہری کے مساوی حقوق کا ضامن ہے،صدرِ مملکت

اسلام آباد : صدرِ مملکت نے کہا ہے کہ آج کا دن ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے اس وژن کی یاد دہانی کراتا ہے جس میں ہر شہری کو برابری اور باہمی احترام کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اقلیتی برادریوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے مسلح افواج، عدلیہ، سول سروسز، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ صدر نے مزید کہا کہ اقلیتوں کی حب الوطنی اور خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

صدرِ مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو بلا تفریق مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور اقلیتوں کے سیاسی، معاشی، مذہبی، سماجی اور ثقافتی حقوق کا مکمل تحفظ کرتا ہے۔ ان کے مطابق حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور بااختیار بنانے کے لیے متعدد عملی اقدامات کیے ہیں، جن میں اقلیتی طلبہ کو وظائف اور مالی معاونت فراہم کرنا شامل ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ 2009 میں، اپنی پہلی مدتِ صدارت کے دوران، 11 اگست کو باقاعدہ طور پر “اقلیتوں کا دن” قرار دیا گیا تھا۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ حکومت بین المذاہب مکالمے کو فروغ دے گی اور قومی زندگی میں اقلیتوں کی بامعنی شرکت کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقلیتوں کو بااختیار بنانے، ان کی ترقی اور فلاح کے لیے کوششیں جاری رہیں گی اور بھائی چارے، ہم آہنگی اور یکجہتی کے ذریعے ایک خوشحال پاکستان تشکیل دیا جائے گا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.