بجلی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری
بجلی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری
اسلام آباد: حکومت کی جانب سے بجلی کے صارفین کے لیے ریلیف دینے کی ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت پروٹیکٹڈ ٹیرف (محفوظ نرخ) کی حد 200 یونٹس سے بڑھا کر 300 یونٹس کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیر اعظم شہباز شریف نے 201 یونٹس پر بجلی بلوں میں اضافے کی عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اس معاملے کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا عندیہ دیا ہے۔
موجودہ نظام کے تحت، جو صارفین 201 یونٹس استعمال کرتے ہیں وہ پروٹیکٹڈ کیٹیگری سے خارج کر دیے جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کے ماہانہ بل میں تقریباً پانچ ہزار روپے کا اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس تبدیلی سے صارفین کو چھ ماہ کے دوران مسلسل مالی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تشکیل دی جانے والی کمیٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ آیا پروٹیکٹڈ کیٹیگری کی حد کو 200 یونٹس سے بڑھا کر 300 یونٹس تک کر دیا جائے یا پھر موجودہ نظام میں کسی قسم کی نرمی کی جائے تاکہ کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
مزید برآں، وزارت توانائی کے ذرائع نے بتایا کہ 201 یونٹس کی سلیب عارضی طور پر صرف اسی مہینے لاگو کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 201 یونٹس کی حد نیپرا اور وزارت توانائی کی جانب سے دانستہ طور پر لاگو کی گئی تھی، جس کے اثرات اب زیرِ بحث ہیں۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ غریب طبقے کو ممکنہ حد تک ریلیف دینا اس کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے بجلی کے نرخوں کے نظام میں اصلاحات پر غور جاری ہے۔