اسلام آباد میں گزشتہ رات سے جاری موسلادھار بارش نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا۔ نیو چٹھہ بختاور سمیت متعدد علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ علاقہ نیو چٹھہ بختاور کی گلی نمبر 6 سے 11 مکمل طور پر زیرِ آب آ چکی ہیں، جہاں شہری گھروں میں محصور ہو چکے ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں، سی ڈی اے اور این ڈی ایم اے کی نگرانی میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ رضاکار خواتین، بچوں اور بزرگوں کو کشتیوں اور دیگر ذرائع سے محفوظ مقامات تک پہنچا رہے ہیں۔
مارگلہ پہاڑیوں سے آنے والا برساتی پانی اسلام آباد کے نالوں میں طغیانی کا باعث بنا، جس کی وجہ سے بہارہ کہو، سواں، چک شہزاد، بحریہ انکلیو اور پی ایچ اے سوسائٹی میں بھی شدید پانی جمع ہو چکا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کر دی ہے جبکہ راول ڈیم کی سطح بلند ہونے کے بعد صبح 11 بجے سپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر نیلور کریں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں، کیونکہ مزید بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال شدت اختیار کر سکتی ہے۔
ادھر ملک کے دیگر حصوں میں بھی گرمی اور حبس برقرار ہے، جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، مری، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔