نجی بینک بھی کسانوں کو قرض دینگے،وزیرِ اعظم

0 5

نجی بینک بھی کسانوں کو قرض دینگے،وزیرِ اعظم

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو زرعی ضروریات پوری کرنے کے لیے کم لاگت قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کسانوں کو قرضے حاصل کرنے میں درپیش مشکلات کو دور کیا جائے اور نجی بینکوں کو بھی اس عمل میں شامل کر کے انہیں قرضوں کی فراہمی پر آمادہ کیا جائے۔

وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت آج اسلام آباد میں زرعی ترقیاتی بینک کی اصلاحات اور کسانوں کو قرضوں کی فراہمی میں آسانی سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں زرعی ترقیاتی بینک کی کارکردگی، جاری اصلاحات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جب کہ نجی بینکوں کی جانب سے زرعی شعبے کو قرضوں کی فراہمی پر بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے کم رقبے والے کسانوں کو عزت اور سہولت دینا ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زرعی ترقیاتی بینک میں فوری اصلاحات کی جائیں اور اس کی استعداد کو بہتر بنایا جائے تاکہ یہ ادارہ حقیقی معنوں میں کسانوں کی مدد کر سکے۔

شہباز شریف نے اعلان کیا کہ وہ ہر تین ہفتے بعد اس حوالے سے اجلاس کی صدارت خود کریں گے تاکہ پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، مشیرِ وزیرِ اعظم محمد علی، وزرائے مملکت بلال اظہر کیانی، عبدالرحمن کانجو، معاونِ خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، رکن قومی اسمبلی افتخار نذیر، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر مشرف زیدی، احمد عمیر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.