کشمیریوں کی جنگ ہماری جنگ ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

کشمیریوں کی جنگ ہماری جنگ ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 5 اگست، یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خصوصاً بلوچستان کے عوام کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 بھارت کے جبری قبضے اور کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے کی تاریخ ہے، جب نریندر مودی حکومت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی انسانی اصولوں کو روندتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں اور صوبے بھر میں یومِ استحصال کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے عزم دہرایا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر عالمی فورم پر جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور بھارتی مظالم کے خلاف ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ ان شاء اللہ وہ دن جلد آئے گا جب کشمیری عوام آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھیں گے اور ظلم و جبر کا اندھیرا ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.