🔹 پاکستان اور بنگلہ دیش میں تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

 پاکستان اور بنگلہ دیش میں تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تجارت، توانائی، صنعتی روابط اور لاجسٹک تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں ہائی کمشنر اقبال حسین نے پاکستان کے صنعتی مراکز کے حالیہ دوروں اور چیمبرز آف کامرس کی مثبت دلچسپی کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش، پاکستانی کوئلے اور چونے کے پتھر میں گہری دلچسپی رکھتا ہے، جو ان کے ملک میں بجلی پیداوار اور سوڈا ایش کی تیاری کے لیے بنیادی خام مال ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے زرعی تجارت کو وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس میں بنگلہ دیش سے انناس کی ممکنہ درآمد اور پاکستان سے آم کی برآمدات کا ذکر ہوا، جو تکنیکی منظوری کے بعد ممکن بنائی جا سکتی ہیں۔

مذاکرات میں ٹیکسٹائل، حلال گوشت اور معدنیات (خصوصاً سندھ کا اعلیٰ معیار کا چونا پتھر) کی تجارت کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی گئی، جبکہ لاجسٹک چیلنجز کے حل اور بزنس ویزا عمل کو آسان بنانے پر زور دیا گیا۔

“توانائی، لاجسٹکس اور فوڈ سیکیورٹی جیسے اہم شعبے پاکستان اور بنگلہ دیش کو خطے میں معاشی ترقی کے لیے مشترکہ مواقع فراہم کرتے ہیں۔”

ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے اور پائیدار اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.