دیامر سیلاب، ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی، 500 سے زائد گھر تباہ

0 3

دیامر سیلاب، ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی، 500 سے زائد گھر تباہ

 گلگت بلتستان کے ضلع دیامر سمیت مختلف علاقوں میں حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد آنے والے شدید سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں دو بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔

سیاحتی مقام بابوسر اور وادی تھور سمیت متعدد علاقوں میں مکانات، دکانیں، سڑکیں اور انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، 500 سے زائد گھر منہدم ہو چکے ہیں جبکہ 27 پل، 22 گاڑیاں اور ہزاروں فٹ عمارتی لکڑی ریلوں کی نذر ہو گئی ہے۔

ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کے مطابق، سیلاب سے مجموعی طور پر 12 کلومیٹر سے زائد سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں، جب کہ بجلی، پانی اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ متعدد علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور بڑے پتھروں کے باعث آمدورفت معطل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ضلع دیامر میں ہوا، جہاں بڑے پیمانے پر چٹانیں سڑکوں پر آ گریں، کئی واٹر اسکیمیں بہہ گئیں اور پینے کے پانی کا نظام مفلوج ہو گیا۔

سیلابی صورتحال کے بعد 300 سے زائد پھنسے ہوئے سیاحوں اور مسافروں کو ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ 10 سے 12 افراد تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں اور بنیادی سہولیات کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ حکومت نے نقصانات کے تخمینے کے لیے ٹیمیں بھی روانہ کر دی ہیں۔

دوسری جانب، عوامی سطح پر خدشات اور اضطراب پایا جاتا ہے کہ اگر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو ایسے سانحات کا دائرہ مزید وسیع ہو سکتا ہے۔

Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.