کراچی میں تاوان کی غرض سے اغوا کی گئی بچی کس طرح بازیاب ہوئی؟

کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری میں پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں اغواء ہونے والی 3 سالہ بچی ریحانہ کو 24 گھنٹوں کے اندر بحفاظت بازیاب کرالیا گیا، جبکہ اغواء میں ملوث مرکزی ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق، یہ واقعہ 23 جولائی کو شاہنواز بھٹو کالونی میں پیش آیا، جہاں کمسن بچی کو اغواء کیا گیا۔ اہلِ خانہ نے فوری طور پر تھانہ خواجہ اجمیر نگری میں اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے خفیہ اطلاعات اور ٹیکنیکل ذرائع کی مدد سے کارروائی کا آغاز کیا۔

ایس ایچ او سرفراز عرف کمانڈو کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے انتہائی رازداری سے کام لیتے ہوئے بچی کو بحفاظت بازیاب کرایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران مکمل پیشہ ورانہ مہارت اور احتیاط سے کام لیا گیا تاکہ بچی کو کسی بھی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ اس کا بھائی منگھوپیر پولیس کی تحویل میں تھا اور اس وقت جیل میں ہے۔ بھائی کی ضمانت کے لیے پیسوں کی ضرورت تھی، جس کے لیے اس نے تاوان کے مقصد سے اپنے ہی رشتہ داروں کی بچی کو اغواء کرنے کا منصوبہ بنایا۔

ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملزم کا تعلق بچی کے خاندان سے ہے اور اس نے والدین کو بلیک میل کرنے کی نیت سے اغواء کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ہے کہ مزید حقائق جلد سامنے آئیں گے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایسے حساس کیسز میں رازداری نہایت ضروری ہوتی ہے کیونکہ ملزمان بعض اوقات خوف میں آکر مغوی کی جان لینے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔ اس کیس میں بھی پولیس نے پوری احتیاط کے ساتھ اہلِ خانہ اور محلے داروں سے معلومات اکھٹی کیں، مشکوک افراد کو حراست میں لیا اور بالآخر ملزم تک پہنچ گئی، جس نے دورانِ تفتیش تمام تفصیلات اگل دیں۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.