بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والی بے گناہ خاتون غیرت کے نام پر قتل
قرآن پاک ہاتھ میں اٹھائے خاتون کی 56 سیکنڈ کی ویڈیو اس کی بے بسی اور ہمارے معاشرے کی جہالت کا چیختا ہوا ثبوت ہے۔ان مردوں کی غیرت دیکھو جو ایک نازک عورت پر ظلم ڈھاتے ہوئے خود کو بہادر سمجھ رہے ہیں، جیسے اپنی زندگی میں کبھی گناہ نہیں کیا۔
اللہ پاک کے دین میں پسند کی شادی حلال اور جائز ہے، پھر یہ فرعون اور یزید کون ہیں جو عورتوں کی زندگی چھین لیتے ہیں؟وہ کہاں ہوتی ان کی غیرت جب انہی روایات کے نام پر غیر عورتوں کی عصمت دری کی جاتی ہے؟
بلوچستان میں دہلا دینے والا قتل! وزیر اعلیٰ کا سخت نوٹس، ملزمان کی گرفتاری کا حکم
کوئٹہ: سوشل میڈیا پر مرد و خاتون کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہونے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث تمام ملزمان کی فوری گرفتاری اور واقعے کی جامع تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق وزیر اعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی ہے کہ جائے وقوعہ کی نشاندہی کرکے مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کی سفاکانہ حرکات ناقابل برداشت ہیں، یہ نہ صرف انسانی وقار بلکہ معاشرتی اقدار کی بھی توہین ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی عملداری کو چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ ویڈیو میں دکھائی گئی بربریت ہر سطح پر قابل مذمت ہے اور حکومت بلوچستان انصاف کی فراہمی کے لیے ہر قانونی راستہ اختیار کرے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ویڈیو میں دکھائی دینے والے ملزمان کی شناخت میں مدد فراہم کریں۔