راولپنڈی، اسلام آباد میں طوفانی بارش: ندی نالے بپھر گئے، رین ایمرجنسی نافذ

راولپنڈی، اسلام آباد میں طوفانی بارش: ندی نالے بپھر گئے، رین ایمرجنسی نافذ

راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ رات سے جاری موسلا دھار بارش نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کے باعث خطرے کے الارم بجا دیے گئے ہیں اور اطراف کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، جڑواں شہروں میں اب تک 250 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ راولپنڈی کے مختلف نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں، جن میں ڈھوک کھبہ خاص طور پر متاثر ہوا ہے۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 19 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جب کہ دریائے سواں بھی خطرناک حد تک بھر چکا ہے۔

اسلام آباد کے سیکٹر آئی-12 میں سب سے زیادہ 186 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ چکری روڈ کے گاؤں لادیاں میں ایک خاندان بچوں سمیت چھت پر پھنس گیا، جنہیں نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر بھیج دیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی میں ایک روزہ تعطیل کا اعلان کر دیا ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نالہ لئی، کٹاریاں اور گوالمنڈی کے علاقوں میں انخلاء کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے، جبکہ ریسکیو، واسا، سول ڈیفنس اور دیگر اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی شدید بارشوں کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اداروں سے تعاون کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام سرکاری ادارے ہنگامی صورتحال میں پوری لگن سے کام کر رہے ہیں اور عوام کو سائرن اور اعلانات کے ذریعے خبردار کیا جا رہا ہے۔

ایم ڈی واسا نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی مدد طلب کر لی ہے، جبکہ شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس سے صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.