قوم کے بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم دینا اولین ترجیح ہے، وزیرِاعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بطور خادمِ پاکستان قوم کے بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم دینا اپنی اولین ذمہ داری ہے، دانش اسکولز اور دانش یونیورسٹی میں ڈیجیٹل کلاس رومز، جدید لیبارٹریز اور سافٹ ویئر پر سرمایہ کاری کو ترجیح دی جائے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ملک بھر میں دانش اسکولز اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے اساتذہ کو بہترین مراعاتی پیکیج دینے، بھرتیوں میں شفافیت یقینی بنانے، اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سمیت تمام منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، بلوچستان، چترال، کراچی، ٹنڈو محمد خان، ایبٹ آباد، اور وزیرستان سمیت مختلف علاقوں میں دانش اسکولز کی تعمیر پر کام جاری ہے، جبکہ دانش یونیورسٹی کا ماسٹر پلان اور ڈگری پروگرامز بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں دانش اسکولز ایک کامیاب ماڈل بن چکے ہیں، اور اب پورے ملک میں ہزاروں بچے ان اداروں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔