پاکستان اور آذربائیجان کے مابین قانونی تعاون کے معاہدے پر دستخط

پاکستان اور آذربائیجان کے مابین قانونی تعاون کے معاہدے پر دستخط

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قانون و انصاف کے شعبے میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے ایک تاریخی مفاہمتی معاہدے پر دستخط کیے گئے، جو دونوں ممالک کے عدالتی نظاموں میں انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ بنے گا۔

یہ پیش رفت وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کے باکو کے اہم دورے کے دوران سامنے آئی، جہاں انہوں نے آذربائیجان کے وزیراعظم علی ہیدیات اوغلو اسدوف، وزیر انصاف فرید طوراب اوغلو احمدوف اور چیف جسٹس سپریم کورٹ انعام اعتماد اوغلو کریموف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے آذربائیجان کے قومی ہیرو حیدر علیوف کے مزار پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

دورے میں قانونی اصلاحات، عدالتی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور متبادل تنازعاتی حل جیسے کلیدی موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان قانونی شعبوں میں ادارہ جاتی صلاحیتوں کے فروغ، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ منصوبہ بندی کے لیے ایک جامع فریم ورک پر دستخط کیے گئے۔

وزیر قانون نے اس معاہدے کو بین الاقوامی قانونی شراکتوں میں پاکستان کی سنجیدہ پیش قدمی اور ملکی نظامِ عدل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی حکمت عملی کا اہم سنگِ میل قرار دیا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.