ملک میں چینی کی قیمت میں مزید اضافہ، فی کلو 200 روپے تک جا پہنچی
وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں چینی کی قیمتوں سے متعلق تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیے، جن کے مطابق چینی کی فی کلو قیمت 200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی، اسلام آباد اور راولپنڈی میں چینی 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے، جبکہ ملک بھر میں چینی کی اوسط قیمت 188 روپے 44 پیسے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چینی کی قیمت میں 3 روپے 52 پیسے فی کلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ پچھلے ہفتے چینی کی اوسط قیمت 184 روپے 92 پیسے تھی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال قبل جولائی 2024 میں چینی کی اوسط قیمت 145 روپے 88 پیسے فی کلو تھی، جس کے مقابلے میں موجودہ قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے چینی کی بڑھتی قیمت کو مدنظر رکھتے ہوئے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے باضابطہ عمل شروع کر دیا ہے۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے ابتدائی طور پر 3 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے پہلا ٹینڈر جاری کر دیا ہے، جس کے لیے بین الاقوامی سپلائرز اور مینوفیکچررز سے 18 جولائی تک لفافہ بند بولیاں طلب کی گئی ہیں۔