اسلام آباد (پ ر) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ آبادی 2025 کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آبادی میں تیز رفتار اضافہ قومی ترقیاتی عمل کو متاثر کر رہا ہے اور یہ ہمارے وسائل، صحت، تعلیم اور عوامی خدمات پر شدید دباؤ کا باعث بن رہا ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ نوجوان قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، جنہیں تعلیم، صحت، روزگار اور خودمختاری فراہم کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک جامع اور دیرپا حکمتِ عملی اپنانا ہوگی تاکہ آبادی اور وسائل کے درمیان توازن قائم رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی کی معیاری سہولیات کی رسائی خصوصاً دیہی علاقوں تک یقینی بنانا ناگزیر ہے، جب کہ خواتین کو تعلیم، روزگار اور فیصلہ سازی میں بااختیار بنانا خاندانی منصوبہ بندی کی کامیابی کی کلید ہے۔
صدر زرداری نے زور دیا کہ ہمیں “توازن” کے اصول پر مبنی پالیسیاں مرتب کرنی ہوں گی تاکہ ملک میں آبادی اور وسائل کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہو۔ انہوں نے مذہبی و سماجی رہنماؤں، پالیسی سازوں، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ آبادی کے مسئلے پر شعور بیدار کرنے اور قومی کوششوں کا حصہ بنیں۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ میڈیا خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، جبکہ ہمیں عالمی سطح پر کامیاب تجربات سے سیکھ کر انہیں مقامی سیاق و سباق میں اپنانا چاہیے۔
آخر میں، صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ملک کے ہر شہری کی فلاح، خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنایا جائے گا اور آبادی کے مسئلے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے قومی سطح پر مربوط کوششیں کی جائیں گی۔
عالمی یومِ آبادی: نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، ان کی خودمختاری قومی ترقی کی ضمانت ہے — وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ آبادی 11 جولائی 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دنیا کو آبادی میں پائیدار اضافے اور جامع ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سال کا تھیم — “نوجوانوں کو بااختیار بنانا کہ وہ ایک منصفانہ اور پرامید دنیا میں اپنے مطلوبہ خاندان تشکیل دے سکیں” — پاکستان جیسے ملک کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، جہاں آبادی 242 ملین سے تجاوز کر چکی ہے اور 65 فیصد نوجوانوں کی آبادی پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہے، جو اگر درست سمت میں تیار کی جائے اور انہیں مواقع دیے جائیں تو یہ طبقہ قومی ترقی، پیداواری صلاحیت اور جدیدیت کی بنیاد بن سکتا ہے۔ تاہم، تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی حکمرانی، صحت، تعلیم اور دیگر عوامی وسائل پر بھاری دباؤ ڈال رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ایک حقوق پر مبنی جامع آبادیاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، جس کا مقصد صحت تک مساوی رسائی، باخبر خاندانی منصوبہ بندی کا فروغ اور ایسا نظام قائم کرنا ہے جو ہر فرد کو وقار اور خودمختاری کے ساتھ اپنے مستقبل کا انتخاب کرنے کا اختیار دے۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کو پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) اور FP2030 کے تحت کیے گئے وعدوں سے ہم آہنگ رکھا جا رہا ہے۔ پاکستان میں آبادی کے استحکام کے لیے ایک مربوط، کثیر شعبہ جاتی حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔
آخر میں وزیراعظم نے تمام متعلقہ فریقین — وفاقی و صوبائی حکومتوں، ترقیاتی اداروں، سول سوسائٹی، نجی شعبے، مذہبی رہنماؤں اور مقامی برادریوں — سے اپیل کی کہ وہ اپنی مشترکہ ذمہ داری کو تسلیم کریں اور باہمی تعاون سے پاکستان کے روشن، صحت مند اور خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کریں۔
یومِ آبادی 2025: ہر ماں کی صحت اور ہر بچے کا تحفظ قومی ترجیح ہونی چاہیے — آصفہ بھٹو زرداری
پاکستان کی خاتون اول محترمہ آصفہ بھٹو زرداری نے عالمی یومِ آبادی 2025 کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہر ماں کی صحت، ہر بچے کا تحفظ اور ہر خاندان کی ترقی ہمارا قومی فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی تمام تر توجہ اس بات پر مرکوز رکھنی چاہیے کہ ہر ماں صحت مند ہو، ہر بچہ محفوظ ہو اور ہر خاندان کو ترقی کے مساوی مواقع میسر آئیں۔
آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اس وقت زچگی کی صحت، بچوں کی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے جیسے سنگین چیلنجز سے دوچار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تولیدی صحت، معیاری تعلیم اور سماجی تحفظ میں سرمایہ کاری ہی ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال قوم کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، طبی سہولیات، روزگار کے مواقع اور اپنی زندگیوں سے متعلق فیصلوں میں شراکت داری دینا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، کیونکہ نوجوان پاکستان کا حال بھی ہیں اور مستقبل بھی۔
محترمہ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا پائیدار اور پرامن پاکستان کی تعمیر کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں اُس خواب کی یاد دلاتا ہے جس میں ہر بچے کو محبت، توجہ اور سرپرستی حاصل ہو۔
خاتون اول نے حکومت، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور تمام شراکت داروں سے اپیل کی کہ وہ باہمی تعاون سے ایک ایسا پاکستان تشکیل دینے کے لیے کام کریں جہاں ہر زندگی کی قدر کی جائے اور ہر نسل بااختیار ہو۔