حج 2026 کی رجسٹریشن کا آخری دن سامنے آگیا،جانیے
اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ بدھ، 9 جولائی حج 2026 کے لیے رجسٹریشن کا آخری دن ہے۔ حج ادا کرنے کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اپنی رجسٹریشن مکمل کر لیں، بصورت دیگر وہ حج 2026 کے لیے نااہل قرار دیے جائیں گے۔
رجسٹریشن کا عمل ملک بھر کے 15 نامزد بینکوں کے ذریعے یا آسان آن لائن پورٹل کے ذریعے مکمل کیا جا سکتا ہے، جو درخواست دہندگان کو گھر بیٹھے رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
وزارت کے ترجمان کے مطابق، خواہشمند عازمین سرکاری یا پرائیویٹ اسکیم میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتے ہیں، جبکہ حج 2026 کے اخراجات اور دیگر شرائط و ضوابط جلد سرکاری پالیسی کے مطابق جاری کیے جائیں گے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی، جن کے پاس درست پاکستانی پاسپورٹ ہے، فوری طور پر آن لائن رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ طے شدہ رجسٹریشن فریم ورک کے مطابق، پاکستان کا حج کوٹہ بھی رجسٹر ہونے والے افراد کی تعداد کی بنیاد پر مختص کیا جائے گا۔
اس سال دنیا بھر سے 1,673,230 عازمین نے حج ادا کیا، جن میں 171 ممالک کے 1,506,576 بین الاقوامی عازمین شامل تھے۔ سعودی عرب کے مطابق، مقامی سطح پر 166,654 ملکی عازمین نے بھی فریضہ حج ادا کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ رواں برس حج کی تاریخ کا سب سے متوازن صنفی تناسب ریکارڈ کیا گیا، جس میں 877,841 مرد اور 795,389 خواتین شامل تھیں۔