پاکستانی نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری: گوگل، مائیکروسافٹ اور ہواوے دیں گے مفت آئی ٹی ٹریننگ

پاکستانی نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری: گوگل، مائیکروسافٹ اور ہواوے دینگے مفت آئی ٹی ٹریننگ

پاکستانی نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری: گوگل، مائیکروسافٹ اور ہواوے دینگے مفت آئی ٹی ٹریننگ

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی، شزا فاطمہ نے اعلان کیا ہے کہ گوگل، ہواوے اور مائیکروسافٹ جیسی عالمی شہرت یافتہ کمپنیاں پاکستان کے پانچ لاکھ نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں کی تربیت فراہم کریں گی۔ ان کمپنیوں میں گوگل دو لاکھ، ہواوے تین لاکھ اور مائیکروسافٹ دو لاکھ نوجوانوں کو تربیت دیں گی، جس کا مقصد پاکستان کی آئی ٹی افرادی قوت کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے بتایا کہ حکومت نے اسلام آباد کو ایک پائلٹ اسمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت شہر کے تمام سرکاری اسکول، اسپتال، بی ایچ یوز اور پولیس اسٹیشنز آئندہ 6 سے 8 ماہ کے دوران فائبر آپٹک نیٹ ورک سے منسلک ہو جائیں گے، جس سے ان کی ڈیجیٹل صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔

مزید برآں، شہریوں کو مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف مقامات کی نشاندہی کی جا رہی ہے، اور میٹرو اسٹیشنز سمیت دیگر عوامی مقامات پر وائی فائی سروسز پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فراہم کی جائیں گی۔

تعلیم کے میدان میں بھی انقلابی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ شزا فاطمہ نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کو نہ صرف چھٹی جماعت بلکہ مستقبل میں کنڈرگارٹن کی سطح تک تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔ ایڈٹیک کے ذریعے دور دراز علاقوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو بھی ممکن بنایا جا رہا ہے۔

ہیلتھ سیکٹر میں “ون پیشنٹ، ون آئی ڈی” کے نام سے ایک جدید نظام متعارف کروایا جا رہا ہے، جس کے تحت ہر مریض کو ایک منفرد شناخت دی جائے گی۔ بی ایچ یوز میں انٹرنیٹ کی فراہمی مکمل ہونے کے بعد ٹیلی میڈیسن کے ذریعے دور دراز علاقوں میں آن لائن طبی مشاورت کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر قومی نصاب میں آئی ٹی مضامین کی شمولیت کے لیے ایک خصوصی کمیٹی کام کر رہی ہے، تاکہ پاکستان کا ہر بچہ مستقبل کی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو کر ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں