وزیر اعظم کا پارلیمنٹیرینزم کے عالمی دن پر پیغام

وزیر اعظم کا پارلیمنٹیرینزم کے عالمی دن پر پیغام

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پارلیمنٹیرینزم کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن دنیا بھر میں جمہوریت کو فروغ دینے، قانون سازی میں شفافیت، اور عوام کی نمائندگی کو مؤثر بنانے کے عزم کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال 30 جون کو منایا جانے والا یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پارلیمان نہ صرف قانون سازی کا مرکز ہے، بلکہ ایک ایسا ادارہ ہے جو احتساب، شفافیت، اور ایگزیکٹو کی نگرانی کو یقینی بناتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ، آئین کے آرٹیکل 51 اور 59 کے تحت، خواتین کی مؤثر نمائندگی کو یقینی بناتی ہے۔ “ہماری خواتین پارلیمنٹیرینز نہ صرف ایوانوں میں متحرک کردار ادا کر رہی ہیں، بلکہ پارلیمانی کمیٹیوں کی سربراہی کر کے قیادت کی نئی مثالیں قائم کر رہی ہیں۔ اس وقت آٹھ سینیٹرز اور چار خواتین ایم این ایز کمیٹیوں کی چیئرپرسنز ہیں، جو قابل فخر پیش رفت ہے۔”

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمنٹ صنفی مساوات اور سماجی تحفظ جیسے اہم شعبوں میں جدید اور مؤثر قانون سازی کے لیے سرگرم ہے۔ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی تیاری میں بھی حکومت نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کو یقینی بنایا، جو کہ صحت مند جمہوریت کی علامت ہے۔

شہباز شریف نے عالمی سطح پر پاکستانی پارلیمان کے فعال کردار کو سراہا، خاص طور پر بین الپارلیمانی یونین (IPU) جیسے فورمز پر امن، ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کا کثیر الجماعتی پارلیمانی وفد عالمی پلیٹ فارمز پر مؤثر انداز میں قومی مؤقف پیش کرنے میں کامیاب رہا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ دور میں شفافیت اور عوامی رسائی کو بہتر بنانے کے لیے پارلیمان نے جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر ایک مؤثر مثال قائم کی ہے۔

آخر میں وزیر اعظم نے عوام اور قانون سازوں سے اپیل کی کہ وہ آج کے دن جمہوری اقدار کے تحفظ، پارلیمانی اداروں کے استحکام اور قانون سازی کے عمل میں شہریوں کی آواز کی حقیقی ترجمانی کے عزم کی تجدید کریں۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.