سندھ طاس معاہدہ: عالمی عدالت کا فیصلہ، وزیر اعظم کا خیرمقدم
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مستقل ثالثی عدالت (Permanent Court of Arbitration) کے حالیہ فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کی جانب سے جاری کردہ ضمنی ایوارڈ سے پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر تقویت ملی ہے کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے، اور حکومت اس اہم قومی وسائل کے تحفظ اور منصفانہ استعمال پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے آبی وسائل کے شعبے میں جاری کام کو سراہا۔
شہباز شریف نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور اعوان کی قانونی محاذ پر کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت سے پاکستان کو عالمی عدالت میں قانونی کامیابی ملی ہے۔