خواتین کرکٹ کو فروغ دینا حکومت کی ترجیح ہے، شہباز شریف
اسلام آباد – پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر ثناء میر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ثناء میر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے “ہال آف فیم” میں شامل ہونے پر دل کی گہرائی سے مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے ویمن کرکٹ کی قیادت کے دوران ان کی نمایاں کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ:
“آپ کی زیر قیادت پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں اور ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔”
وزیراعظم نے توقع ظاہر کی کہ ثناء میر اپنے تجربے کی بنیاد پر نئے ٹیلنٹ کی تربیت اور رہنمائی میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت میرٹ کی بنیاد پر کھیلوں کے ہر میدان میں ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ سمیت تمام کھیلوں میں مرد و خواتین کو یکساں مواقع اور سہولیات دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ثناء میر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ ورلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن اور آئی سی سی میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کریں گی۔ انہوں نے پاکستان میں بالخصوص خواتین کی کرکٹ کے فروغ کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔
ثناء میر نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت مستقبل میں کرکٹ کے میدانوں کی بہتری، نئے ٹیلنٹ کے فروغ، اور خواتین کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔