وزیراعظم کو امریکی وزیر خارجہ کا فون، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک-امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
رابطے کے دوران وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں فیصلہ کن کردار پر انہیں سراہا اور پاک-بھارت کشیدگی میں امریکہ کے مثبت کردار پر وزیر خارجہ روبیو کا شکریہ ادا کیا۔
گفتگو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔ اس پر ردِعمل دیتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں دوطرفہ تعاون ناگزیر ہے اور مستقبل میں مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔