2025 کا طویل ترین دن آج، رات سب سے مختصر
اسلام آباد / کراچی / لاہور: ماہرین فلکیات کے مطابق، آج 21 جون کو رواں سال 2025 کا سب سے طویل دن اور مختصر ترین رات ہوگی۔ سورج آج 13 گھنٹے 41 منٹ تک چمکے گا جبکہ رات کا دورانیہ 10 گھنٹے 19 منٹ کا ہوگا۔
ماہر فلکیات کا کہنا ہے کہ یکم جولائی کے بعد دن کا دورانیہ بتدریج کم ہونا شروع ہو جائے گا، اور 22 ستمبر کو دن اور رات کا دورانیہ تقریباً برابر ہو جائے گا۔
ادھر کراچی میں آج صبح ہلکی بوندا باندی نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں دن بھر ابر آلود موسم رہنے کا امکان ہے، جبکہ وقفے وقفے سے ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔
لاہور میں بھی موسم نے کروٹ لی ہے، بادلوں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، اور چلتی ہوا نے گرمی کی شدت کو کم کر دیا ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں رات گئے بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، جھنگ، سرگودھا، نارووال، پشاور، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، صوابی، ہری پور سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
موسم کا یہ خوشگوار بدلاؤ شہریوں کے لیے باعثِ راحت بن گیا ہے، خاص طور پر ایسے دن میں جب سورج سب سے زیادہ وقت زمین کو روشن کرے گا۔