کوہاٹ،جنازہ گاہ میدان جنگ بن گئی،3افراد جاں بحق،15 زخمی

کوہاٹ،جنازہ گاہ میدان جنگ بن گئی،3افراد جاں بحق،15 زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے علاقے غنڈہ چیچنہ، گمبٹ میں ایک جنازے کے دوران دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 15 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دونوں گروہوں کے درمیان ذاتی دشمنی چلی آ رہی تھی، اور جنازے کے دوران اچانک تلخ کلامی جھگڑے میں بدل گئی۔ چند لمحوں میں موقع پر اندھا دھند فائرنگ شروع ہو گئی، جس سے جنازہ گاہ میدانِ جنگ بن گیا۔

ریسکیو 1122 حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق افراد میں دو خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ ایک مرد کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی جائے گی۔

فائرنگ کے فوری بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات ذاتی دشمنی کی جانب اشارہ کرتی ہیں، تاہم اصل محرکات تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے، جبکہ پولیس نے امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے مزید نفری تعینات کر دی ہے۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.