جعفر ایکسپریس جیکب آباد میں خوفناک حادثے کا شکار
جیکب آباد — پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس جیکب آباد کے قریب خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرین کی چھ بوگیاں ریلوے ٹریک سے اتر گئیں، جب کہ حادثے میں متعدد مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ مویشی منڈی کے قریب پیش آیا جہاں ریلوے ٹریک پر دھماکے کی آواز سنی گئی، جس کے نتیجے میں ٹرین کی بوگیاں بے قابو ہوکر پٹڑی سے اتر گئیں۔ فوری طور پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت جانچنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، تاہم متاثرہ مسافروں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے نے ریلوے کی سیکیورٹی پر ایک بار پھر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ متعلقہ حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔