ایران کو دفاع کا پورا حق حاصل ہے،پاکستان
پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملوں کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسے اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی حملے اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر براہِ راست حملہ ہیں، جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی اصولوں کے منافی ہیں۔
اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔ پاکستان نے ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کی اشتعال انگیزی کو سخت ترین الفاظ میں مسترد کیا ہے۔
ترجمان نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اسرائیل کو جارحیت سے باز رکھیں اور بین الاقوامی قوانین کے تحت اسے جوابدہ بنائیں۔
پاکستان نے واضح کیا کہ ایسے خطرناک اقدامات پورے مشرق وسطیٰ کو جنگ کی طرف دھکیل سکتے ہیں، جس کے دور رس اور خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔