عیدالاضحیٰ کے بعد بارشوں کا امکان، ہیٹ ویو کا زور ٹوٹنے کی پیشگوئی
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ہیٹ ویو کی شدت 12 جون تک برقرار رہے گی، تاہم عید کے بعد اگلے ہفتے کے دوران بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 7 سے 12 جون تک پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہوگا، جبکہ جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات مہر صاحبزادہ خان کا کہنا ہے کہ عید کے دنوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، خاص طور پر سندھ میں درجہ حرارت انتہائی حد تک بڑھنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد اگلے ہفتے کے دوران بارشوں کا امکان ہے، جس سے ہیٹ ویو کی شدت میں واضح کمی واقع ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو خاص طور پر بزرگوں، بچوں اور خواتین کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے اجتناب، دھوپ سے بچاؤ اور زیادہ پانی پینے کی تلقین کی گئی ہے۔