این ڈی ایم اے کا بڑا الرٹ: 2 سے 7 جون تک شدید بارش اور گرمی کی وارننگ
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 2 سے 7 جون تک ملک میں موسم کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم پوٹھوہار، جنوبی اور شمال مشرقی پنجاب کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے شمالی اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، مالاکنڈ، ایبٹ آباد اور کرم میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان کے گلگت، سکردو اور ہنزہ میں آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے مظفر آباد اور میرپور میں بھی موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے کوئٹہ، تربت، گوادر، خضدار اور ژوب میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ سندھ کے شہروں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور میرپورخاص میں بھی درجہ حرارت بلند اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔