خانیوال ریلوے اسٹیشن پر پُل کا حصہ گر گیا، ریلوے ملازم جاں بحق، خاتون زخمی
خانیوال: خانیوال جنکشن ریلوے اسٹیشن پر افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مسافر پُل کا ایک حصہ اچانک گرنے سے ریلوے کا ایک ملازم جاں بحق اور ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔
حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں کیں اور زخمی خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق جائے حادثہ پر کلیئرنس کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور ٹرینوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق پُل کی دوبارہ تعمیر کا کام آج ہی سے شروع کر دیا جائے گا تاکہ آئندہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے تین اعلیٰ افسران کو فوری معطل کر دیا ہے جن میں ڈویژنل انجینئر عابد رزاق (گریڈ 18)، اسسٹنٹ انجینئر راجہ یوسف (گریڈ 17) اور انسپکٹر برِج محمد عادل (گریڈ 16) شامل ہیں۔
وزیر ریلوے نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی ہے جس میں سی ای او ریلوے، آئی جی ریلوے اور ڈی ایس لاہور شامل ہوں گے۔