وزیراعظم 2 روزہ دورہ تاجکستان مکمل کرکے وطن روانہ

وزیراعظم 2 روزہ دورہ تاجکستان مکمل کرکے وطن روانہ

وزیراعظم 2 روزہ دورہ تاجکستان مکمل کرکے وطن روانہ

دوشنبے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تاجکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی کے لیے دوشنبے سے روانہ ہو گئے۔ ایئرپورٹ پر تاجک نائب وزیراعظم حکیم خلیق زادہ نے انہیں الوداع کہا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران وزیراعظم نے تاجک صدر امام علی رحمان سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی، ماحولیاتی تحفظ اور علاقائی سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعظم نے جنوبی ایشیا میں حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے پس منظر میں پاکستان کی حمایت پر تاجک قیادت کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دوشنبے میں منعقدہ عالمی سطح کی “گلیشئرز کے تحفظ سے متعلق کانفرنس (IGCP 2025)” میں شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہو رہا ہے، جہاں 13 ہزار سے زائد گلیشئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے عملی، اجتماعی اور فوری اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ پاکستان کا عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں حصہ محض 0.5 فیصد ہے، لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین اثرات کا سامنا اسے ہی کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیراعظم نے گلیشئرز کے تحفظ کو پاکستان کی قومی ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے ترقی یافتہ ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ترقی پذیر ملکوں کے ساتھ کیے گئے ماحولیاتی وعدے پورے کریں تاکہ ایک محفوظ اور پائیدار مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں