بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے پانچ دہشتگرد آپریشن میں واصلِ جہنم

بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے پانچ دہشتگرد آپریشن میں واصلِ جہنم

بلوچستان: سیکیورٹی فورسز نے بھارتی ایجنٹ تنظیم “فتنہ الہندوستان” کے خلاف دو مختلف اضلاع میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کے دوران پانچ دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ کارروائیاں لورالائی اور ایک اور حساس علاقے میں کی گئیں، جہاں دہشتگرد کئی مہلک حملوں میں ملوث تھے۔

لورالائی میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں چار دہشتگرد مارے گئے، جو این-70 پر ہونے والے “راراشم حملوں” کے مرکزی ملزم تھے۔ ان دہشتگردوں نے 26 اگست 2024 اور 18 فروری 2025 کو مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 30 بے گناہ شہریوں کو شہید کیا تھا۔ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا۔

مارے گئے تمام دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے اور بلوچستان میں بھارتی پشت پناہی سے جاری دہشتگردی کی کارروائیوں میں سرگرم تھے۔

مسلح افواج کے ترجمان نے ان آپریشنز کو سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

صدر مملکت کا بلوچستان میں “فتنۃ الہندوستان” کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

 صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں دو مختلف انٹیلیجنس پر مبنی کارروائیوں کے دوران بھارتی پشت پناہی میں کام کرنے والے “فتنۃ الہندوستان” کے پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم و حوصلے اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں ملک دشمن عناصر کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک “فتنۃ الہندوستان” کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آصف علی زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد نیٹ ورکس کو پنپنے نہیں دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

صدر نے کہا کہ دہشت گردی ایک ناسور ہے جس کا خاتمہ قومی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے، اور ریاست اپنے ہر شہری کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھاتی رہے گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا بلوچستان میں “فتنہ الہندوستان” کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد گروہ “فتنہ الہندوستان” کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے “فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے ایک نمایاں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے ان آلہ کاروں کو عبرتناک انجام تک پہنچانا سیکیورٹی اداروں کی مستعدی کا ثبوت ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا، “بلوچستان میں ‘فتنہ الہندوستان’ کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا انجام صرف اور صرف موت ہے۔ ان عناصر کے لیے پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے اور ہر پاکستانی ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں