چاغی کے پہاڑوں سے گونجی “اللہ اکبر” کی صدا، 27 سال بعد بھی دلوں میں زندہ
اسلام آباد: پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے 27 سال مکمل ہونے پر آج ملک بھر میں یومِ تکبیر قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے علاقے چاغی میں ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان نے اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
یومِ تکبیر کے موقع پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 27 سال قبل پاکستان نے دشمن کی جارحیت اور بیرونی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے اپنی خودمختاری کا تاریخی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اُس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا، جس نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان یومِ تکبیر ایک ایسے وقت میں منا رہا ہے جب بھارت کی جانب سے مسلط کردہ حالیہ جنگ میں پاکستان نے 6 سے 10 مئی تک اپنے دفاع میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ ان کے بقول یہ فتح قوم کے لیے یومِ تکبیر کی خوشیوں میں اضافہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1998 میں بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے چھ کامیاب ایٹمی تجربات کر کے اپنی عسکری صلاحیت کو دنیا کے سامنے ثابت کیا۔ شہباز شریف نے ذوالفقار علی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنس دانوں، انجینئرز، افواج پاکستان اور قومی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ایٹمی پروگرام کو حقیقت میں بدلا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یومِ تکبیر قائداعظم محمد علی جناح کے اس خواب کی تکمیل کا تسلسل ہے جس کی بنیاد پر پاکستان معرض وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے ہمیشہ ناممکن کو ممکن بنایا، اور یہی جذبہ پاکستان کی اصل طاقت ہے۔
اپنے پیغام میں شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان نہ صرف ایٹمی طاقت ہے بلکہ مستقبل میں اسے معاشی طاقت بھی بنایا جائے گا، اور قوم کے اتحاد و یکجہتی سے پاکستان کو اس کا اصل مقام دلایا جائے گا۔